لاہور (اُمت نیوز)لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے جیل میں اہلیہ کی ملاقات کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل جواب طلب کر لیا۔
جسٹس راحیل کامران شیخ نے قیصرہ الہٰی کی درخواست پر سماعت کی،جسٹس راحیل کامران شیخ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کو نظر بند کرنے کا اختیار ہے اور ریاست ہی کا قانون ہے کہ رشتے داروں کو ملاقات کی اجازت ہے،جسٹس راحیل کامران شیخ نے پنجاب حکومت کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا کہ شوہر سے بیوی کی ملاقات سے ریاست کو کیا خطرہ ہے، آپ کا کیا خیال ہے؟
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ وہ باقاعدہ کوئی درخواست تو دیں، انہوں نے اپلائی ہی نہیں کیا، نہ رشتے داروں کی فہرست دی ہے،فاضل جج نے کہا کہ درخواست گزار چودھری پرویز الہٰی کی بیوی ہے، اس کا تو خیال کریں، یہ درخواست چیف سیکرٹری کو بھیج دیتے ہیں وہ خود فیصلہ کرلیں گے کس کو بھیجنی ہے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ وہ اتھارٹی نہیں ہیں،جسٹس راحیل کامران شیخ نے کہا کہ تو پھر کل کیلئے نوٹس کر دیتے ہیں۔ یادرہے کہ درخواست گزار قیصرہ الہٰی نے شوہر سے ملاقات کیلئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔