9 مئی کو احتجاج کا فیصلہ پی ٹی آئی کور کمیٹی نے کیا، مبینہ آڈیو لیک

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم پی اے صمصام بخاری کی مبینہ آڈیو لیک وائرل ہوگئی۔
مبینہ آڈیو لیک میں صمصام بخاری کو ایک نجی محفل میں نو مئی کے واقعات کے حوالے سے گفتگو کرتے سنا جاسکتا ہے۔
صمصام بخاری کسی سے کہہ رہے ہیں کہ کور کمیٹی کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا تھا احتجاج پاک فوج کے خلاف کرنا ہے۔
پارٹی کی اس میٹنگ میں شہریار آفریدی، قاسم سوری اور مراد سعید بھی شریک تھے، لیک آڈیو میں صمصام بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صاحب کا حکم ہے کور کمانڈر ہاؤس لازمی جانا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی اور رہنما مسلم لیگ ن عطاء اللہ تارڑ صمصام بخاری کی مبینہ آڈیو جاری کی۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ ثابت ہوگیا سانحہ 9 مئی سوچا سمجھا منصوبہ تھا، آڈیو کے بعد کوئی شک نہیں رہا سانحہ 9 مئی کی پلاننگ کی گئی، ان واقعات پر پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں بات ہوئی۔
عمران خان کی گرفتاری اور انہیں جیل میں اے کلاس سہولیات کی فراہمی پر عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آپ جیل گئے ہیں، سسرال نہیں، جیل میں آپ کو سونے کا واش روم تو نہیں دیا جاسکتا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ گھنٹے نہیں گزرے، اپ درخواستیں دینا شروع ہوگئے، آپ تو ٹکر کے لوگ تھے، انقلابی تھے، آج اٹک جیل کے باہر ایک بندہ نہیں جب کہ پورے پاکستان میں ایک بندہ باہر نہیں نکلا، البتہ جو بیج بوئیں گے وہی فصل کاٹنی ہے۔