شامی فوج کے دفاعی فضائی نظام نے اسرائیل کے کئی میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا، فائل فوٹو
شامی فوج کے دفاعی فضائی نظام نے اسرائیل کے کئی میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا، فائل فوٹو

اسرائیل کے میزائل حملے میں 4 شامی فوجی ہلاک

دمشق: متنازع گولن پہاڑیوں پر قابض اسرائیلی فوج نے وہاں سے شام پر میزائل برسائے جس کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی فوج کے دفاعی فضائی نظام نے اسرائیل کے کئی میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا تاہم چند میزائل ایک فوجی چوکی پر گرے جس کے نتیجے میں ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

اسرائیل کے میزائل حملے میں چوکی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ 4 شامی فوجی اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، 4 شدید زخمی ہیں جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

شامی فوج پر میزائل حملے سے متعلق اسرائیل نے کوئی بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی شامی حکومت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے آیا ہے۔