کراچی(اسٹاف رپورٹر)ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے اعلامیہ کے مطابق جماعت نہم سائنس و جنرل گروپ ریگولر اورپرائیویٹ کے سالانہ امتحانی فارم برائے سال 2024ء اور آن لائن امتحانی فارم جمع کرانے کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ یہ امتحانی فارم بغیر لیٹ فیس کے10اگست سے 8ستمبر 2023ء تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائنس وجنرل گروپ ریگولر کے امتحانی فارم بورڈ ہذا کے اکاؤنٹس سیکشن میں جمع ہوں گے اور فارم کیساتھ پریکٹیکل سیکشن سے جاری کردہ سوالنامہ کی فوٹو کاپی منسلک کرنا ضروری ہے جبکہ پرائیویٹ طلباء وطالبات بورڈ آفس بوتھ اور بورڈ سے ملحق بینکوں سے امتحانی فارم حاصل کرکے متعلقہ سیکشن سے تصدیق کرانے کے بعدفارم جمع کرا سکتے ہیں، بورڈ سے الحاق شدہ صرف نجی اسکول ہی امتحانی فارم آن لائن جمع کرا سکتے ہیں جبکہ گورنمنٹ بلدیہ،میونسپل کارپوریشن اور محکمہ محنت کے ماتحت آنے والے اسکول بورڈ کے اکاؤنٹ سیکشن سے امتحانی فارم بغیر کسی فیس کے حاصل کر کے جمع کرا سکتے ہیں۔انہوں نے بورڈ سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ امتحانی فارم نیشنل بینک،عسکری کمرشل بینک، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، حبیب بینک اور بورڈ آفس بوتھ سے حاصل کر سکتے ہیں،یہ فارم بورڈ کے امتحانی اسٹور پر بھی دستیاب ہیں جو سیکریٹری بورڈ کے نام فارم کی قیمت (مبلغ 100روپے فی فارم) کے پے آرڈر کے ذریعے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امتحانی فارم بغیر لیٹ فیس کے10اگست سے 8 ستمبر تک2023ء تک جمع کئے جائیں گے، اس کے بعد لیٹ فیس کے ساتھ11ستمبر سے22 ستمبر تک 200 روپے،25ستمبر سے 6اکتوبر تک 500روپے،9اکتوبر سے20اکتوبر تک 800روپے،23اکتوبر سے 3نومبر تک 1200 روپے،6نومبر سے 17نومبر تک1500 روپے،20نومبر سے یکم دسمبر تک 1800 روپے اورآخری تاریخ گزرنے کے بعد2500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ امتحانی فارم جمع کئے جائیں گے۔ اسکولوں کے سربراہان کو تاکید کی جاتی ہے کہ فارم کو جمع کرانے کیلئے طلباء و طالبات کو انفرادی طور پر بورڈ آفس نہ بھیجا جائے۔