رمیز راجہ کی سری لنکن سنگر کیساتھ گانے کی ویڈیو وائرل

لاہور: کرکٹ اور کمنٹری کے بعد رمیز راجہ  سنگر بن گئے، سری لنکا کی مشہور گلوکارہ یوہانی نے لنکا پریمیئر لیگ کے دوران پاکستانی کمنٹیٹر کو گانے پر مجبور کر دیا۔ رمیز راجہ نے سنہالی زبان کا مشہور گانا مانیکے مگے ہتھے گنگنایا۔

رمیز راجہ اور یوہانی کی گانے کنگنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جیسے ہی وائرل ہوئی تو صارفین نے اس کو بہت پسند کیا اور اپنے دلچسپ تبصروں سے پوسٹ پر رش ڈال دیا۔

واضح رہے کہ یوہانی لنکا پریمیئر لیگ کی سفیر ہیں، 2020ء میں ان کا گانا “مانیکے مگے ہتھے” دنیا بھر میں مقبول ہوا تھا۔ اس گانے کو بالی وڈ فلم “تھینک گاڈ” میں بھی شامل کیا گیا تھا۔ گانے کی ویڈیو میں نورا فتیحی  اور سدھارتھ ملہوترا جلوہ گر ہوئے تھے۔

مانیکے مگے ہتھے کی دُھن اتنی شاندار ہے کہ ہر سننے والے کو اپنی جانب کھینچ لیتی ہے۔ یہ گانا سری لنکا کی سنہالی زبان میں گایا گیا ہے۔

دوسری جانب سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان حال ہی میں ختم ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں بطور کمنٹیٹر واپسی ہوئی ہے۔ وہ 2021ء سے کمنٹری سے دور تھے کیونکہ 3 سال کی مدت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔