ایشیاکپ اور افغانستان کیخلاف سیریز؛ قومی ٹیم کا اعلان آج ہوگا

اسلام آباد(اُمت نیوز)افغانستان کے خلاف سیریز اور ایشیاکپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان آج ہوگا۔
ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق آج پی سی بی ہیڈکوارٹر قذافی اسٹیدیم میں منتخب کردہ اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 ون ڈے میچز 22، 24 اور 26 اگست کو سری لنکا میں شیڈول ہیں جبکہ ابتدائی دو میچز کی میزبانی دمبولا اور تیسرا میچ کولمبو میں ہوگا۔
دوسری جانب افغانستان کے خلاف سیریز کے فوری بعد قومی ٹیم ایشیاکپ کیلئے 30 اگست اپنی مہم شروع کریگی، افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں ملتان میں ٹکرائیں گی۔
پاکستان نے آخری سیریز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی تھی اس ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے، فاسٹ بولر احسان اللہ فٹنس مسائل سے دوچار ہیں، ان کی جگہ زمان خان کو مل سکتی ہے۔حارث سہیل کے ان فٹ ہونے پر ٹیم میں شامل ہونے والے افتخار احمد کو افغانستان اور سری لنکا کے خلاف بھی موقع دیا جائے گا۔
ممکنہ سولہ رکنی ٹیم میں کپتان بابراعظم، شاداب خان، امام الحق، فخر زمان، شان مسعود، عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، نسیم شاہ، محمد رضوان، اسامہ میر، محمد نواز، شاہین آفریدی، حارث روف، وسیم جونیئر، زمان خان کو پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
واضح رہے کہ انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹر تعیناتی کے بعد سلیکشن کمیٹی کا پہلا ٹاسک پاکستان اور افغانستان کے درمیان سری لنکا میں شیڈول سیریز کیلئے ٹیم کاانتخاب ہے اور یہ ہی ٹیم ایشیاکپ کے لیے ہوگی جبکہ سری لنکا اور بھارت کی کندیشنز میں قدرے فرق کی وجہ سے الگ الگ ٹیموں کا انتخاب کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔