ایشیاء کپ اورافغانستان سیریزکیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

اسلام آباد: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اے سی سی ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 18رکنی پاکستانی کرکٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعود شکیل کو افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے اٹھارہ رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے تاہم وہ ایشیا کپ کے سترہ رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔

قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے جس میں انضمام الحق کے علاوہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کپتان بابراعظم کے ساتھ مشاورت کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی ہے۔

ایشیا کپ کے لیے سترہ رکنی قومی کرکٹ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔اوپنگ میں عبداللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق ہونگے،مڈل آرڈر میں بابراعظم ،سلمان علی آغا، افتخار احمد،طیب طاہرہونگے، وکٹ کیپرز محمد رضوان اور محمد حارث ہونگے۔اسپنرز، شاداب خان ،محمد نواز، اسامہ میرہونگے۔پیس آل راؤنڈر میں فہیم اشرف ہیں پیسرز میںحارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین آفریدی ہونگے۔

افغانستان کے خلاف سیریز کا اٹھارہ رکنی اسکواڈ یہ ہے۔اوپنگ میں عبداللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق ہونگے،مڈل آرڈر میں بابراعظم ،سلمان علی آغا، افتخار احمد،طیب طاہراور سعود شکیل ہونگے، وکٹ کیپرز محمد رضوان اور محمد حارث ہونگے۔اسپنرز، شاداب خان ،محمد نواز، اسامہ میرہونگے۔پیس آل راؤنڈر میں فہیم اشرف ہیں پیسرز میںحارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین آفریدی ہونگے۔

فہیم اشرف دو سال بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں ۔ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کی حیثیت سے ان کی موجودگی سے ٹیم میں مزید توازن ہوگا۔ وہ آخری بار جولائی 2021ء میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کھیلے تھے۔

طیب طاہر کو دوسری مرتبہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل انہیں اس سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ طیب طاہر پاکستان کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے۔انہوں نے حال ہی میں اے سی سی ایمرجنگ کپ میں انڈیا کے خلاف128رنز کی جیت میں سنچری کے ذریعے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

شان مسعود خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ سے اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ پائے ہیں جبکہ احسان اللہ پی سی بی کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں اپنی کہنی کے ری ہیب پروگرام میں مصروف ہیں۔

پچاس اوورز پر مشتمل ایشیا کپ کا آعاز30 اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے میچ سے ہوگا۔یہ پہلا موقع ہے کہ 2008ءکے بعد پاکستان کسی ملٹی نیشنل ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور گروپ بی میں3 ستمبرکو بنگلہ دیش اور افغانستان جبکہ 5 ستمبر کو سری لنکا اور افغانستان کے میچ کی میزبانی کرے گا اس کے علاوہ 6 ستمبر کو اے ون اور بی ٹو کے درمیان سپر فور کا میچ بھی لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ایشیا کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے گی جس کے دو میچ ہمبنٹوٹا میں 22 اور24 اگست کو کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل26 اگست کو کولمبو میں ہوگا۔

پاکستان میں موجود کرکٹرز 17 اگست کو سری لنکا روانہ ہونگے۔ یہ کرکٹرز 14سے16 اگست تک قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں تین روزہ کیمپ میں حصہ لیں گے۔ لنکا پریمیئر لیگ اور ہنڈریڈ میں حصہ لینے والے کرکٹرز18 اگست کو براہ راست سری لنکا میں ٹیم جوائن کریں گے۔