یو اے ای قونصل خانے میں پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب

کراچی: (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسے پاکستانیوں کی طرح پاکستان میں موجود متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کی جانب سے بھی پاکستان کے 76ویں یوم آذادی پر شدید جوش و جذبے کا اظہار کیا گیا ہے ۔قونصل جنرل یواے ای کی جانب سے کراچی میں قائم ویزہ سینٹر میں یوم آذادی کے حوالے سے رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اسپیشل اولمپککس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں سمیت شہر کی دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس ضمن میں کراچی میں قائم متحدہ عرب امارات کے ایشیا کے سب سے بڑےویزہ سینٹر میں منعقدہ تقریب کےموقع پر متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بحیت عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ ‘‘پاکستان کی یوم آذادی خوشیاں مناتے ہوئے مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے ، جیسے میں اپنے وطن متحدہ عرب امارات کی خوشی منا رہا ہوں۔ میری زندگی کے خوبصورت ترین سال پاکستان میں قومی ذمہ داریاں نبھاتے گزرے ہیں۔

اس ملک باالخصوص اس شہر کراچی سے مجھے جو محبت اور خلوص ملا ہے وہ میں لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا۔ میری دعا ہے کہ ‘‘ اللہ کریم اس وطن کو تا قیامت سلامت اور آباد رکھے ’’۔ اس موقع پر قونصل جنرل یو اے ای بخیت عتیق الرومیتی 2019 میں دبئی اولمپکس اور جرمنی میں منعقدہ حالیہ اسپیشل اولمپکس میں پاکستان کی جانب سے حصہ لینے والے بچوں کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ‘‘ آج ہمارے درمیان پاکستان کے وہ درخشاں ستارے بھی موجود ہیں جو اولمپک کے میدان میں دنیا بھر کے سامنے پاکستان کا نام روشن کر کے آئے ہیں۔ میں پوری پاکستانی قوم کی طرف سے ان ستاروں کا خیر مقدم کرتا ہوں اور ان کی کامیابیوں پر انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ اس موقع پر اسپیشل اولمپیئنز اور ان کے انسٹرکٹرزنے بخیت عتیق الرومیتی کی جانب سے ہر موقع پر اسپیشل بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ۔

ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے امّت سے خصوصی گفتگو میں قونصل جنرل یو اے ای کراچی بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ ‘‘ پاکستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں ، میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ‘‘ اس وقت پاکستان سیاسی و معاشی لحاظ سے انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے ، وقت کا تقاضہ ہے کہ پوری قوم اندرونی و بیرونی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے صرف اور صرف پاکستان کیلئے ایک ہو جائے اور اس وطن کو مضبوط کرے۔ آخر میں انہوں نے یوم آذادی کے حوالے سے اپنا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ‘‘ میں بخیت عتیق الرومیتی (قونصل جنرل کراچی، متحدہ عرب امارات) اس ملک کی آذادی اور بقا کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے لاکھوں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ،متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کی جانب سے اپنے برادر ملک پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کو یوم آذادی کے موقع پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

انہوں  نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ بانی متحدہ عرب امارات عزت مآب شیخ زید بن سلطان النہیان کی محبت سے شروع ہونے والااورصدر یو اے ای شیخ محمد بن زیدا لنہیان، نائب صدر و وزیر اعظم عزت مآب شیخ محمد بن راشدا المکتوم اور ڈپٹی پرائم منسٹر عزت مآب شیخ منصور بن زید النہیان کی سرپرستی میں جاری پاک یو اے ای دوستی کا یہ مقدّس رشتہ تاقیامت سلامت اور ہرگزرتے لمحے کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جائے۔ آمین۔ واضح رہے کہ کراچی میں قائم متحدہ عرب امارات کے ویزہ سینٹر میں منعقدہ تقریب کے موقع پر ویزہ کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں کیلئے معمول کے مطابق کام جاری رہا اور اس دوران آنے والے شہریوں کو بھی یوم آذادی کی خوشی میں یو اے ی قونصل جنرل کی جانب سے خصوصی ریفریشمنٹ بھی پیش کیا گیا۔