کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کے اعزاز میں پی آئی اے اسلام آباد آفس میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی ۔ آفس آمد پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر وائس مارشل عامر حیات نے وفاقی وزیر کو یاد گاری شیلڈ اور گلدستہ پیش کیا۔ وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے کی سینئر انتظامیہ سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ پی آئی اے کو جدید خطوط پر چلایا جائے اس کے لئے حکومت نے ضروری قانونی کاروائی مکمل کر لی ہے۔
اس ضمن میں پی آئی اے کو جس ٹریک پر ڈالا جا رہا ہے پی آئی اے انتظامیہ اس کو سپورٹ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی افرادی قوت اس قابل ہے کہ وہ تنظیم نو میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔ پی آئی اے انتظامیہ میں محنت سے کام کرنے والے لوگ ہیں۔ میں یہ یقین دلاتا ہوں کہ ان اصلاحات کے نتیجہ میں پی آئی اے سےکوئی بے روزگار نہیں ہوگا اور یہی پی آئی اے کی ترقی اور بحالی کا راستہ ہے۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر حیات پروفیشنل شخصیت ہیں اور یہ اصلاحاتی عمل کو نتیجہ خیز بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔
پی آئی اے کے پاس دنیا کے بہترین پائلٹس ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چودہ ماہ کی مختصر مدت میں میں پی آئی اے کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے۔ ایوی ایشن کی دنیا میں مقابلہ بازی کی فضا کا مقابلہ کرنے کے لئے نئی جہتیں متعارف کرانی ہوں گی۔ ان کے دور میں میرٹ پر تعیناتیاں کی گئی ہیں اور فارن پوسٹنگ میں میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھا گیا کوئی سفارش قبول نہیں کی گئی اور کوئی سیاسی دباؤ قبول نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو پی آئی اے سے جذباتی وابستگی ہے پی آئی اے دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی اے کے گراؤنڈ طیارے بحال کرنے کے لیے رقم کا بندوبست کر کے جارہے ہیں۔اس کے لئے ائر لائن انتظامیہ کو پوری تندہی اور کانفیڈینس کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔نئی ایوی ایشن پالیسی کی منظوری میں قومی ائر لائن کے مفادات کا خیال رکھا گیا ہے۔ آخر میں انہوں نے پی آئی اے انتظامیہ کا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔