اجلاس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے ہزارہ ایکسپریس کے نواب شاہ کے قریب حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی ،اجلاس کے آغاز پر وزیراعظم نے کابینہ کے تمام اراکین کا پچھلے 15 ماہ میں ملک کی بہتری کے لیے شبانہ روز محنت میں وزیراعظم کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ کابینہ کے آغاز پر سیکریٹری کابینہ نے کابینہ کو 20-04-2022 سے 08-08-2022 تک کی کارکردگی کی مفصل رپورٹ پیش کی۔
گذشتہ 15 ماہ میں کابینہ کے 53 اجلاس منعقد ہوئے،وفاقی کابینہ کی جانب سے مجموعی طور پر 1295 فیصلے کیے گئے۔ کابینہ کے کیے گئے فیصلوں میں سے 99 فیصد فیصلوں پر عمل درآمد کیا گیا۔وفاقی کابینہ نے وزارتِ اطلاعات و نشریات کی پیش کردہ قومی موسیقی پالیسی (National Music Policy) کے مسودہ کی منظوری دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت ہوابازی کی سفارش پر قومی ہوا بازی پالیسی 2023 کی منظوری دے دی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ توشہ خانہ کے ذریعے وزیراعظم کو ملنے والے تحائف کی شفاف نیلامی کرکے رقوم ملک کے یتیم بچوں کی تعلیم اور فلاح و بہبود کے لیے خرچ کی جائے۔
وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر قومی ٹیرف کمیشن کے تکنیکی و غیر تکنیکی ارکان کی تقرری کی منظوری دے دی۔کابینہ نے عبدالرشید شیخ، نعیم انور، محمد اقبال تابش، احمد شیراز کو غیر تکنیکی اور عمران ضیاء کی تکنیکی رکن کے طور پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی ہی سفارش پر سلمان ایس مہدی کی اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن میں بطور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرری کی منظوری دے دی۔کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر سیلم اللہ کی بطور نائب گورنر سٹیٹ بینک تقرری کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارتِ اطلاعات و نشریات کے پیش کردہ قومی موسیقی پالیسی (National Music Policy) کے مسودے کی منظوری دی۔
پالیسی کے تحت ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے موسیقی کے ورثے کے تحفظ، موجودہ دور کی موسیقی کی ترقی اور موسیقاروں کی موسیقی چوری ہونے کے سدباب کے لیے قانونی ڈھانچے کے اطلاق اور جدید تکنیکی وسائل کو بروئے لایا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ پٹرولیم کی سفارش پر آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(OGDCL) کے منیجنگ ڈائریکٹر / چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی سمری پر تفصیلی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ اس تقرری کے لیے دوبارہ اشتہار دیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے وزارت ہوابازی کی سفارش پر قومی ہوا بازی پالیسی 2023 کی منظوری دے دی۔اس پالیسی کے تحت ملک میں اس شعبے کی ترقی کے لیے اقدامات اور پاکستان کے ہوائی اڈوں پر مقامی اور بین الاقوامی مسافروں کے لیے موجودہ سہولیات میں بہتری لائی جائے گی۔
وفاقی کابینہ نے سرمایہ کاری بورڈ کی سفارش پر خصوصی سرمایہ کاری کونسل کی مختلف کمیٹیوں میں ارکان کی شمولیت کی منظوری دی۔ ان ترامیم کے تحت وفاقی وزیر قانون و انصاف ایپکس کمیٹی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ایپکس کمیٹی اور ایگزیکٹو کمیٹی اور سیکریٹری خارجہ ایگزیکٹو کمیٹی اور Implementation Committee کے رُکن ہوں گے۔
اس کے علاوہ کابینہ نے ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی سیکریٹری ایپکس کمیٹی، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے طور پر تقرری کی منظوری دی۔ مزید برآں وفاقی کابینہ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کے سیکریٹریٹ کے قیام اور جمیل احمد قریشی کی بطور سیکریٹری/ پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر کی بھی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے ریلوے ڈویژن کی سفارش پر ارشد سلیم خٹک کی بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کمپنی کی تقرری کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر گذشتہ 15 ماہ میں وزیراعظم کو ملنے والے تمام قیمتی تحائف کی شفاف انداز میں نیلامی کی منظوری دی۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ ان تحائف کی شفاف انداز میں نیلامی کے بعد ان سے ملنے والی رقم کو پاکستان میں موجود یتیم او ربے سہارا بچوں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے اداروں کو عطیہ کیا جائے گا۔ کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ نیلامی کے عمل میں عوام الناس حصہ لے سکیں گے۔
وفاقی کابینہ نے 14 اگست پر پاکستان کی مختلف جیلوں میں موجود قیدیوں کی سزا میں رعایت کو دوگنا کرنے کی بھی منظوری دی اور اس بات کی ہدایت کی کہ اس رعایت کا قانون کے مطابق تمام قیدیوں پر اطلاق ہوگا۔ کابینہ نے وزارتِ داخلہ کو ہدایت کی کہ جیلوں میں قیدیوں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔