نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت، راجہ ریاض وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے

اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کیلیے وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے۔

نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کیلیے وزیراعظم شہبازشریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان ملاقات ہو گی، ملاقات میں نگران وزیراعظم کیلیے شہبازشریف کی جانب سے 3نام اپوزیشن لیڈر کے سامنے رکھے جائیں گے جبکہ اپوزیشن لیڈر بھی اپنے 3نام وزیراعظم کو پیش کریں گے، کل چھ ناموں میں سے کسی ایک نام  کا نگران وزیراعظم  کیلیے انتخاب کیا جائے گا۔

راجہ ریاض وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو صحافی نے سوال ’’راجہ صاحب کتنے نام لے کر آئے ہیں‘‘ جس پر اپوزیشن لیڈر نے جواب دیا کہ 3نام لایا ہوں ۔

اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کے لیے 3 دن کا وقت ہے۔ تین دن میں نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا۔ ملک میں عبوری حکومت کا انتظام دیکھنے کے لیے نگران وزیراعظم کے تقرر پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے معاملے پر کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے، پوری کوشش ہوگی وزیراعظم کے ساتھ نگران کا نام فائنل کرلیں۔