اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت ہوئی تاہم حتمی نام پر اتفاق نہ ہوسکا اب معاملہ کل پر چلا گیا ہے، دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو خط لکھ کر مشاورت کے لیے مدعو کیا تھا جس کے وہ وزیراعظم سے ملنے پہنچے۔ دونوں نے ایک دوسرے کے سامنے تین تین نام رکھے ہیں جن پر مشاورت ہوئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے نگران وزیر اعظم کے لیے سابق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی کا نام تجویز کیا ہے جبہ دیگر ناموں میں صادق سنجرانی، حفیظ شیخ بھی شامل ہیں ۔
اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کے لیے 3 دن کا وقت ہے۔ تین دن میں نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ آج وزیراعظم سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی جس میں نگراں وزیر اعظم کے لیے نام پر بات چیت کی گئی، کل اس معاملے میں مزید مشاورت کی جائے گی۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے آئین کی روشنی میں قائد حزب اختلاف کو نگران وزیرِ اعظم کی تقرری کیلیے مشاورت کے حوالے سے مدعو کیا، نگران وزیرِ اعظم کے ناموں پر مشاورت کا پہلا دور خوشگوار ماحول میں ہوا، یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس اہم قومی معاملے پر مزید سوچ و بچار کے بعد کل 11 اگست کو اس ضمن میں دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔