لاہور: جناح ہاوس حملہ کیس میں لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے 268 روپوش کارکنوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، اور21 کارکنوں کی عبوری ضمانتوں کی توثیق کردی۔
لاہورکی انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہائوس حملہ کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت جج اعجازاحمد بٹر نے کی۔
جناح ہاوس حملہ کیس کے تفتیشی افسر نے حملے میں ملوث پی ٹی آئی کارکنان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کیلیے درخواست دائر کی، اور عدالت کے سامنے مؤقف پیش کیا کہ جناح ہاوس پر حملے میں ملوث 268 پی ٹی ائی کارکنان روپوش ہیں، ملزمان گرفتاری سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں، ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرلی اور پی ٹی آئی کے 268 کارکنوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
عدالت نے ضمانت کی درخواستوں میں پی ٹی آئی کے 21 ملزمان کی ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانتوں کی توثیق کردی۔