کوئٹہ : صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس اور پھول بازار میں دومختلف دھماکوں میں ایک شخص جاںبحق جبکہ 5زخمی ہوگئےہیں۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روزکوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر دھماکےکے نتیجے میں حملہ آور ہلاک جبکہ 2راہگیرزخمی ہوگئے۔
دریں اثناء کوئٹہ کے علاقے پھول بازار میں واقع قومی پرچم وجھنڈے فروخت کرنے والی دکان کے قریب دھماکے میں تین افراد نذیر، ارسلان ودیگر زخمی ہوگئے ہیں سیکیورٹی فورسز نے موقع پرپہنچ کرعلاقے کی ناکہ بندی شروع کردی۔ دھماکے کی نوعیت سے متعلق پولیس تحقیقات کررہی ہے مزیدکارروائی متعلقہ انتظامیہ کررہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کاکہنا ہے کہ دھماکے کے بعد دکان میں آگ لگ گئی۔ دھماکے اور آتشزدگی کے فوراً بعد فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں دھماکے کے مقام پر پہنچیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ علاوہ ازیں ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے میزئی اڈہ میں لیویز تھانے پر نامعلوم موٹرسائیکل سوارہینڈ گرنیڈ پھنک کر فرار ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔