ٹانک: اغوا کار نامعلوم ملزمان نے سابق آئی جی کے پی صلاح الدین محسود کے بھی حبیب محسود کو منزئی کے علاقے میں قتل کردیا، اور فائرنگ کے تبادلے میں مقتول کا گن مین بھی جاں بحق ہوگیا۔
خیبر پختون خوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم ملزمان نے سابق آئی جی پولیس پولیس صلاح الدین محسود کے بھائی اغوا کے بعد قتل کردیا۔
ڈی پی او پولیس ٹانک وقار احمد کے مطابق سابق آئی جی کے بھائی حبیب محسود پر گرہ پتھر کے علاقے میں موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حبیب محسود کا گن مین زخمی ہوگیا، اور اغوا کار حبیب محسود کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کی اور ایک مقام پر اغواء کاروں کا پولیس سے سامنا ہوا، اور تعاقب پر اغواء کاروں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی جس میں گاڑی کو نقصان پہنچا۔
ڈی پی او کے مطابق اغواء کار حبیب محسود کو ٹانک سے 14 کلومیٹر دور منزئی کے علاقے میں لے گئے، اور قتل کردیا، جب کہ اغوا کاروں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا گن مین بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔