کراچی : سندھ کے ممکنہ نگران وزیراعلیٰ کی دوڑمیں جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقرسب سے آگے نکل گئے۔حکومت اور اپوزیشن کی مشاورت میں جسٹس (ر) مقبول باقر کو نگراں وزیراعلیٰ بنانے پراتفاق کا امکان ہے۔سندھ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں آج سے مشاورت کاآغازہوگا۔معتمد ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کا نام پیپلزپارٹی نے تجویز کیا ہے۔جسٹس (ر) مقبول باقر سابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے جج رہ چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ جسٹس (ر) مقبول باقر کا نام اپوزیشن لیڈر رعناانصار کے سامنے رکھیں گے۔امکان ظاہرکیا جارہا ہے کہ ان کے نام پراتفاق ہوجائے گا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ مشاورت کے لیے آج ہفتہ 12 اگست کو قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی رعناانصارکو دعوت دیں گےجس میں نگران وزیراعلی سندھ کے نام پراتفاق کیا جائے گا۔نگران وزیراعلی کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت مکمل ہوگئی ہے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کی جانب سے شعیب صدیقی، یونس ڈھاگا اور ڈاکٹر صفدر عباسی سمیت مختلف نام فیورٹ قرار دیئے گئے ہیں۔
حکمران پیپلزپارٹی کی جانب سے سندھ میں نگران وزیراعلی سندھ کے لیے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر، سابق چیف سیکریٹری سید ممتازعلی شاہ،صدیق میمن اور دیگر کے نام زیرغورہیں۔ آئینی طور پر صوبائی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد وزیراعلی اور اپوزیشن لیڈر کے مابین 3 روز میں نگراں وزیراعلیٰ کےلئے نام کا فیصلہ کرنا ضروری ہے۔اتفاق نہ ہونے کی صورت میں پارلیمانی کمیٹی 2 روز میں نام فائنل کرے گی۔ اگرپارلیمانی کمیٹی میں بھی فیصلہ نہ ہوسکےتو پھر الیکشن کمیشن 2 دن میں فیصلہ کرے گا۔