اسلام آباد: صدرملکت عارف علوی نے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر سے کل تک نگراں وزیراعظم کا نام طلب کیا تھا، جس پر وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ صدر صاحب آئین کی کتاب پڑھ لیں، نگراں وزیراعظم کا نام دینے کے لئے 8 دن کا وقت ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج نگراں وزیراعظم کا فیصلہ ہو جائے گا، اتحادیوں سے کچھ دیر میں ملاقات ہوگی، تمام اتحادیوں کو مشاورت کے لئے آج بلایا ہے، راجا ریاض سے آج رات یا کل حتمی مشاورت ہوگی۔
صدر مملکت کی جانب سے کل تک نگراں وزیراعظم کا نام طلب کرنے پر وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کو انتظار کرنا چاہئے تھا، صدر صاحب آئین کی کتاب پڑھ لیں، آئین میں نگراں وزیراعظم کی تقرری کے لئے 8 دن کا وقت ہے، پتہ نہیں صدر کو خط لکھنے کی کیا جلدی تھی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کی تقرری تک میں وزیراعظم ہوں، 3 دن میں اتفاق نہ ہوا تو پارلیمانی کمیٹی 3 میں فیصلہ کرے گی، اس کے بعد معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا۔
واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے کل وزیراعظم اور تحلیل شدہ قومی اسمبلی کے قائدِ حزبِ اختلاف راجا ریاض کو خط لکھا تھا، جس میں شہباز شریف اور راجہ ریاض سے 12 اگست تک نگراں وزیرِاعظم کا نام دینے کے لیے کہا گیا ہے۔