وزیراعلیٰ بلوچستان نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیئے

کوئٹہ(اُمت نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائز پر دستخط کر دیئے۔
وزیراعلیٰ کی ایڈوائز آج منظوری کے لئے گورنر بلوچستان کو بھجوا دی جائے گی جب کہ گورنر کی جانب سے سمری پر دستخط نہ کیے جانے کی صورت میں اگلے 48 گھنٹوں میں اسمبلی ازخود تحلیل ہوجائے گی۔
دوسری جانب بلوچستان میں نگراں سیٹ اپ کے قیام پر اپوزیشن کی دونوں جماعتیں اپنے اپنے امیدوار کے نام پر ڈٹ گئی ہیں جس کی وجہ سے ڈیڈلاک برقرار ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ کے لئے بی این پی کی جانب سے میر حمل کلمتی اور جے یو آئی کی جانب سے عثمان بادینی اور شبیر مینگل کے نام سامنے آرہے ہیں۔
بی اے پی کی جانب سے تین نام سامنے آئے ہیں جن میں کہدہ بابر، اعجاز سنجرانی اور نصیر بزنجو شامل ہیں۔
اس حوالے سے فیصلہ کل شام تک متوقع ہے۔ وزیر اعلی کوئٹہ پہنچنے کے فوری بعد اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کرکے نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر حتمی مشاورت کریں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ اسمبلی تحلیل ہیں، اس کے بعد اب ممکنہ طور پر بلوچستان اسمبلی بھی آئندہ کچھ گھنٹوں میں ٹوٹ جائے گی۔