بغیر ہیلمٹ پیٹرول کی سیل پرپابندی ،لاہور ہائیکورٹ کا تحریری حکم جاری

لاہور(اُمت نیوز)لاہورہائیکورٹ نے بغیر ہیلمٹ پیٹرول کی سیل پرپابندی کیخلاف درخواست کا تحریری حکم جاری کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس راحیل کامران شیخ نےشہری کی درخواست پرعبوری حکم جاری کردیا، ڈپٹی کمشنرسمیت دیگر فریقین آئندہ سماعت پرتفصیلی جواب جمع کرائیں۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ کےبغیرپیٹرول کی فراہمی پرپابندی کانوٹیفکیشن غیرقانونی ہے، درخواست گزارنےدلائل کےحق میں اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے بھی پیش کئے،آئندہ سماعت تک بغیر ہیلمٹ پیٹرول کی فراہمی پرپابندی کانوٹیفکیشن معطل رہے گا۔ بعدازاں عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی 16اگست تک ملتوی کردی۔
گزشتہ روزلاہورہائیکورٹ نے بغیر ہیلمٹ پٹرول کی فروخت پر پابندی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا،جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری عرفان بشیرکی درخواست پرسماعت کی۔ عدالت نے پابندی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت سمیت دیگرکو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا۔ عدالت نے کہا کہ محض نوٹیفکیشن کے ذریعے کس طرح یہ پابندی لگائی جاسکتی ہے، ایسا کیا جانا بنیادی حقوق کی نفی ہے، مناسب ہے حکومت اس بارے قانون سازی کرے۔