اسلام آباد ( اُمت نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے 14 اگست (پیر) کے روز حلف لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی تقریب حلف برداری 14 اگست کی سہہ پہر کو منعقد ہوگی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، انوار الحق کاکڑ سے نگران وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے سمری پر دستخط کیے جانے کے بعد انوار الحق کاکڑ نگراں وزیراعظم بن گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کا دوسرا دور ہوا۔ اس سلسلے میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض آج وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور دونوں کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام سے متعلق مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے تقرر سے متعلق حتمی مشاورتی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا، جس کے مطابق انوار الحق کاکڑ کے بطور نگراں وزیراعظم نام پر اتفاق کیا گیا۔
بعد ازاں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان کو ارسال کردی، جس کے کچھ ہی دیر کے بعد صدر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کرکے نگراں وزیراعظم کے تقرر کی منظوری دے دی۔