نگراں وزیراعلیٰ سندھ کے حوالے سے وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کی ملاقات شروع ہو گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح پر نگراں وزیراعلیٰ کے لیے’’ جسٹس (ر) مقبول باقر کا نام فائنل“ کرلیا گیا ہے۔
سندھ کے نگراں وزیراعلی کا تاج کس کے سر بیٹھے گا، اس حوالے سے وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار آج فیصلہ کریں گے، اس ملاقات میں دونوں کی جانب سے نگراں سیٹ اپ پر پیشرفت کا قوی امکان ہے۔
اس حوالے سے مراد علی شاہ اور رعنا انصار کی گزشتہ روز ہونے والی پہلی باضابطہ ملاقات بے نتیجہ رہی تھی، اور رسما ًگفت و شنید کے بعد دونوں نے کوئی نام تک پیش نہیں کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن الائنس نے نگراں وزیراعلی کے نام پر اپنی مشاورت کو حتمی شکل دے دی ہے، اور شعیب صدیقی،یونس ڈھاگہ ،رحمت اللہ جعفری اور فضل اللہ قریشی کے نام فائنل کرلیے ہیں، تاہم خبر ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ کیلئے اعلیٰ سطح پر جسٹس ریٹائرڈمقبول باقر کا نام فائنل کیا جاچکا ہے۔