کے ڈی اے افسران کیلئے کروڑوں کی گاڑیاں خریدنے کی تیاریاں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کی گرانٹ پرچلنے والا مالی بدحالی کا شکارادارہ ترقیات کراچی اپنے لاڈلے افسران کیلئے کروڑوں روپے کی لگژری گاڑیاں خریدنے کی تیاری کررہا ہے جس کیلئے محکمہ فنانس نے فنڈ کی منظوری دیدی ہے،واضح رہے کہ ادارہ ترقیاتی کراچی اس وقت بدترین مالی اورانتظامی بحران کا شکارہے.

کے ڈی اے ذرائع کے مطابق سسٹم کے لاڈلے تصورکئے جانے والے ڈائریکٹرجنرل کے ڈی اے محمد علی شاہ ادارے کے انتظامی معالات سے مکمل طورپر لاتعلق ہیں،لینڈ کے بعض مخصوص معاملات کے علاوہ اس وقت تمام معاملات سیکریٹری کے ڈی اے،ممبرفنانس اورممبر اے کی باہمی مشاورت سے چلانے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم افسران کے آپس کے اختلافات سے ادارہ زبوں حالی کا شکار ہے،ریکوری میں مسلسل کمی ہورہی ہے،ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن شدید احتجاج کے بعد بحالت مجبوری کھولی گئی.

ریکوری سمیت اہم عہدوں پرمتنازع اور سنگین الزامات کی زد میں رہنے والے افسران براجمان ہیں جنہیں مزید نوازنے کیلئے ادارہ تقریبا 14 کروڑروپے سے لگژری گاڑیاں خریدنے کی تیاری کررہا ہے،ذرائع کا کہنا ہے ان گاڑیوں میں تین ویگو گاڑیاں بھی شامل ہونگی جس کیلئے فنڈ کی منظوری دیدی گئی ہے۔