اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی حلف برداری کی تقریب آج ہو گی۔ تقریب میں سبکدوش وزیراعظم شہباز شریف شرکت کریں گے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، چیف الیکشن کمشنر کو بھی دعوت نامے بھجوا دئیے گئے ہیں۔نامزد نگران وزیراعظم نے پارٹی رکنیت اور سینیٹ سے استعفیٰ دیدیا ہے۔سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز یہاں انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کی۔اسحاق ڈار نے انہیں نگران وزیراعظم مقرر ہونے پر مبارکباد دی ۔
ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان ملکی معاشی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انوار الحق کاکڑ نےکہا آئی ایم ایف سے معاہدے پر عمل درآمد جاری رہے گا۔ انوارالحق کاکڑ نے اسلام آباد پنجاب ہائوس میں مصروف دن گزارا اور اس دوران مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے ان سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔سابق وزیراعلی بلوچستان جام کمال، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری ،سرفرازبگٹی، پیپلزپارٹی کے رہنماء نوابزادہ میر نعمت اﷲ زہری،محی الدین بلوچ، پیپلزپارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،پیپلز پارٹی بلوچستان کے سابق صدر وسابق صوبائی وزیرحاجی علی مدد جتک،اسلام آباد؍ راولپنڈی کے ممتاز علما کرام نے بھی ملاقات کی۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا جن شخصیات نے میرے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ان کامشکور ہوں، اﷲ نے جو ذمہ داری سونپی ہے، اس پرپورا اترنے کی توفیق دے۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے فون کرکے انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بننے پر مبارک باد دی ۔ اپنے بیان میں راجہ پرویز اشرف نے کہا بطور نگران وزیراعظم ایک سیاستدان کی تقرری جمہوریت کےلئے نیک فال ہے۔جے یو آئی (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا اہم ذمہ داری اور فرائض منصبی سے احسن طریقے سے عہدہ برا ہونے کے لئے دعاگو ہوں،امید ہے صاف شفاف اور بروقت انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے ۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے مزیدکہا ملک کو درپیش سنگین چیلنجز کا مقابلہ باہمی اتحاد واتفاق سے ہوگا ۔جے سالک نے بھی نامزد نگران وزیراعظم کو فون کیا۔انوارالحق کاکڑ سے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چودھری انوارالحق،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کرکے انہیں وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ امید ہے انوار الحق کاکڑ ملک کے لئے بہتر ثابت ہوں گے۔جہانگیر ترین نے مہنگائی کو ملک کا سب بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے غریب آدمی کی کمر توڑ دی ہے، ہماری جماعت حکومت میں آکر اس پر قابو پائے گی۔صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔