اسکردو: پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی پرواز پی کے 234 دبئی سے اسکردو ایئر پورٹ پر لینڈ کرگئی، پروازکے اترنے کے بعد اسکردو کو بین الاقوامی ایئر پورٹ کا درجہ مل گیا۔
مسافروں کا استقبال پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات، سول ایوی ایشن کے اعلیٰ حکام اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور سرکاری حکام نے کیا۔
سیاح اب دبئی سے براہ راست ساڑھے تین گھنٹے کی پرواز سے اسکردو پہنچ سکیں گے، اسکردو ایئر پورٹ پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
مسافروں میں گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی اور تحائف تقسیم کیے گئے، جہاز کو آمد پر ایئرپورٹ حکام کی جانب سے واٹر کینن سلوٹ بھی پیش کیا گیا، جہاز کے کپتان نے کاک پٹ کا شیشہ کھول کر جشن آزادی کی مناسبت سے قومی جھنڈا لہرایا۔
Dramatic scenes at #Skardu, when the historic 1st Int'l flight touches down at the tarmac, marshalled to a water cannon salute, and pilot waving the national flag from the cockpit window.
Skardu is now open to the world! #14August #IndependenceDay2023 pic.twitter.com/1rg209t02R
— PIA (@Official_PIA) August 14, 2023
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے کہا کہ بین الاقوامی فلائٹ آپریشن شروع ہونے سے گلگت بلتستان میں سیاحت کا شعبہ فروغ پائے گا۔
قومی ایئر لائن پی آئی اے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا اور سکردو کو پوری دنیا میں متعارف کروادیا، بین الاقوامی پرواز پر سیاح جنت نظیر گلگت بلتستان کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
دوران پرواز سیاحوں کو ہمالیہ کے برف پوش پہاڑوں بشمول کے ٹو اور نانگہ پربت کے خوبصورت نظارے بھی دیکھنے کو ملیں گے، پی آئی اے کی دبئی سے سکردو کی ہفتہ وار پروازیں پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔