کابل: افغانستان کے مشرقی صوبے خوست کا ایک ہوٹل زوردار دھماکے سے گونج اُٹھا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
دھماکے میں ہلاک اور زخم ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خوست پولیس کے ترجمان مستغفیر گرباز نے بتایا کہ دھماکا شہر کے اس ہوٹل میں ہوا جہاں افغان عوام اور پاکستان کے علاقے شمالی وزیرستان سے آنے والے مہاجرین کثرت سے مقیم ہوتے تھے۔
تاہم انھوں نے پاکستانی مہاجرین کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ دھماکے کے وقت ہوٹل میں کتنے افراد موجو د تھے اور ان کا تعلق کس سے تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے اے پی نے دعویٰ کیا کہ اس ہوٹل میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی قیادت اور ارکان کو قیام کرتے دیکھا گیا ہے۔
خوست پولیس ترجمان نے بتایا کہ دھماکے کے وجہ کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال کسی گروپ نے دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔