اٹک: بشریٰ بی بی کو اٹک جیل میں اسیرعمران خان سے ملاقات کی اجازت دیدی گئی تاہم وکلا کو پھر روک دیا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران سے اہلیہ بشریٰ بی بی کی اٹک جیل میں دوسری ملاقات 2 گھنٹے جاری رہی۔
اٹک جیل انتظامیہ نے وکلا کی ٹیم کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں تھی،بشریٰ بی بی کو گاڑی میں جیل کے اندر تک لے جایا گیا، اس دوران ان کی ایک ملازمہ بھی ہمراہ تھی۔ بشریٰ بی بی عمران خان سے ملاقات کے بعد وہ اسلام آباد کیلئےروانہ ہو گئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق بشریٰ بی بی اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے بعد عمران خان سے ملنے اٹک روانہ ہوئی تھیں، ان کے ساتھ وکلا کی ٹیم بھی اٹک گئی۔ اٹک جیل انتظامیہ نے بشریٰ بی بی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دیدی تاہم ان کے ہمراہ علی اعجاز بٹر اور نعیم حیدر پنجوتھا کو روک دیا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات سے قبل بشریٰ بی بی تھانہ کہسار میں درج مقدمے میں عدالت پیش ہوئیں۔ فاضل جج نے ان کو ہدایت کی کہ مقدمے میں شامل تفتیش ہو جائیں جس پر عمل درآمد کیلئے بشریٰ بی بی ڈی آئی جی آفس اسلام آباد جائیں گی۔