لاہور: نیب نے صدر تحریک انصاف پرویز الہیٰ کا جسمانی ریمانڈ مانگ لیا جس پر انہیں 21 اگست تک نیب کے حوالے کر دیا گیا۔
چوہدری پرویز الہیٰ کوترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے کیس میں لاہور کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے کہا کہ 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کا ریمانڈ لیا جا چکا ہے، کل پرویز الٰہی کو بھی گرفتار کیا۔
سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ سالانہ ترقیاتی کام میں سپلیمنٹری فنڈ مختص کیے گئے، گجرات میں 200 اسکیموں کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے منظوری دی گئی تھی۔
سماعت احتساب عدالت کے جج زبیر کیانی نے کی۔ نیب پراسکیوٹر نے عدالت سے چوہدری پرویز الہیٰ کا جسمانی ریمانڈ طلب کیا تو وکیل امجد پرویز نے پرویز الہیٰ سے مشاورت کی اجازت طلب کی۔
انہوں نے دلائل سے قبل کہا کہ اپنے موکل سے 5 منٹ بات کرنا چاہتا ہوں جس پرعدالت نے انہیں اجازت دیدی۔
عدالت نے بعد ازاں دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد پرویزالہیٰ کا 21 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب کے حوالے کر دیا۔