کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگراں سندھ کابینہ کی تشکیل کے سلسلے میں مشاورت کا سلسلہ شروع ہوگیا،متعلقہ حلقوں نے بیشتر افراد کا انتخاب بھی کرلیا ہے جنکے ناموں کا اعلان نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقرکی حلف برداری کے بعد کیا جائیگا،ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں صوبائی کابینہ کا اعلان آئندہ دو روزمیں متوقع ہے،ابتدائی طورپرنگراں سندھ کابینہ میں 10 سے کم افراد شامل ہوںگے اورامکان ہے کہ نگراں سندھ کابینہ کے انتخاب کے وقت غیرسیاسی پس منظرکے حامل افراد کو ترجیح دی جائیگی.
نامزد وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ انکی نگراں کابینہ میں ایماندار،اہل خدمت کا جذبہ رکھنے والے افراد کو شامل ہوں گے،دریں اثناء سندھ کی نگران صوبائی کابینہ میں ایم کیوایم پاکستان جی ڈی اے نے 4 غیرجانبداروزیروں کی شمولیت کا مطالبہ کیا ہے،چاروں شخصیات کے نام نگران وزیراعلی سندھ کی حلف برداری کے بعد گورنرکے حوالے کئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے تین اورجی ڈی اے کی جانب سے ایک نام سندھ کی نگران کابینہ میں شمولیت کیلئے پیش کیا جائیگا،مجموعی طورپراپوزیشن جماعتوں کی جانب سے چارنام پیش کیے جائیں گے،سابق بیوروکریٹس ،ٹیکنوکریٹس اورغیرجانبدارسماجی شخصیات کو اپوزیشن کے کوٹے پرنگران سندھ کابینہ کا حصہ بنایا جائیگا،ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے بلدیات،تعلیم،داخلہ،انڈسٹریزسمیت مختلف قلمدان کی بھی ڈیمانڈ کی ہے۔