کراچی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے نگران وزیراعظم سے آئین و جمہوریت کے مطابق بروقت، صاف و شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ قوم ایک دن بھی تاخیر برداشت نہیں کرے گی، جماعت اسلامی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، جس کیلئے 10 ہزار سے زائد کارکنان نے قربانی دی۔ دنیا ترقی کررہی اور ہم ایک قوم نہیں بن سکے، عوام آج بھی پانی، بجلی اور گیس جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
10 کروڑ شہری غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مہنگائی، بیروزگار میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، جس نے بھی ملک کو لوٹا، ان کو جیل میں ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسٹیشن روڈ میں جے آئی یوتھ کے تحت منعقدہ کنونشن سے خطاب میں کیا۔ جس سے صوبائی امیر ایم حسین محنتی، یوتھ کے صدر رسل خان، ضلعی امیر عقیل احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن میں بڑی تعداد میں نوجوان اور خواتین موجود تھیں۔اس موقع پر سینئر صحافی جان ایم مہر کے قتل، تعلیم صحت اور امن و امان کی صورتحال پر قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔
قبل ازیں امیر جماعت کا جامشورو ٹول پلازہ پر میں زبردست استقبال کیا گیا،استقبالیہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کا دن تب ہوگا، جب ملک اسلامی نظام نافذ ہوگا۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔سعید آباد میں قائم جامعتہ الحرمین میں جلسہ سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ 75 سال گزرجانے کے باوجود انگریز کا قانون ہم پر مسلط ہے، آئی ایم ایف کی غلامی کا طوق گلے میں ہے تو پھر ہم کیسے آزاد ہیں؟ پاکستان اسلامی ملک بنتا ہے تو ملک اور آپکے بچے محفوظ ہوں گے۔ یہ ادارہ مستقبل میں بڑے دارالعلوم کی شکل اختیار کرے گا۔