لیبیا میں متحارب گروپوں میں جھڑپیں، 27 افراد ہلاک

 

لیبیا (اُمت نیوز)لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے جنوبی علاقے میں متحارب گروپوں میں جھڑپوں سے 27 افراد ہلاک جبکہ اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے جنوبی علاقے میں 2 طاقتور مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جن میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 106 زخمی ہوگئے۔ جھڑپوں کی وجہ سے شہری اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ لیبیا کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ یہ رواں سال طرابلس کو ہلا کر رکھ دینے والی سب سے شدید لڑائی ہے۔ لیبیا ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (ایل آر سی ایس) نے ٹویٹر پر تمام فریقوں سے پرامن ہونے اور کشیدگی کو کم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ ان کی ٹیم کام کرسکے اور پھنسے ہوئے شہریوں کو مدد مہیا کی جاسکے۔
اس نے مزید کہا کہ ہمیں جھڑپوں کے علاقوں میں پھنسے خاندانوں کی جانب سے بہت سی کالیں اور پیغامات موصول ہوئے ہیں، جہاں وہ ہم سے باہر نکلنے کیلئے محفوظ راستہ دینے کی اپیل کررہے ہیں۔ لیبیا کی وزارت صحت نے ایک بیان میں متحارب فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایمبولینسوں اور ہنگامی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں میں داخل ہونے کی اجازت دیں اور اس نے قریبی اسپتالوں میں خون کے عطیات کی اپیل کی ہے۔