نگران وزیراعظم نے اپنی کابینہ کے لیے مشاورت مکمل کرلی

اسلام آباد (اُمت نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنی کابینہ کے لیے مشاورت مکمل کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق نگران کابینہ کے لیے تقریباً تمام نام فائنل کرلیے گئے ہیں اور اب صرف حتمی مشورے کیے جارہے ہیں جس کے بعد آج ہی نگران کابینہ کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران کابینہ کو آج ہی حتمی شکل دی جائے گی اور کل کابینہ ارکان کے حلف اٹھانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق نگران کابینہ میں وزارت اطلاعات کے لیے محمد علی درانی کا نام شامل نہیں ہے بلکہ وزارت اطلاعات سید محمد علی کو دئیے جانے کا امکان ہے جو ایک دفاعی تجزیہ کار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران کابینہ میں وزارت خارجہ کی ذمہ داری سابق سفارتکار جلیل عباس جیلانی کو سونپے جانے کا امکان ہے وہ امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر بھی رہ چکے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نگران وزیر خزانہ کے لیے گزشتہ روز سلطان علی الانہ کا نام فائنل کیا گیا تھا تاہم ان کی دوہری شہریت کی وجہ سے اب نگران وزیر خزانہ کے لیے مزید دو ناموں پر غور کیا جارہا ہے جن میں سے کسی ایک کو یہ ذمہ داری دئیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیر خزانہ کے لیے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ اور سابق گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کے نام زیر غور نہیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیر داخلہ کے لیے سرفراز بگٹی کا نام سامنے آنے کا غالب امکان ہے جس کی ایک وجہ ان کا سابق وزیر داخلہ ہونا بھی ہے۔