عمران خان کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پرسماعت موخر

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی اور گھر کے کھانے کی فراہمی سے متعلق درخواست پر سماعت آج نہیں ہوسکے گی ۔
درخواست پر سماعت نہ ہونے کی وجہ آج چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق کی عدم موجودگی ہے۔
عدالت نے آج کی سماعت میں پنجاب حکومت اور جیل حکام سے جواب طلب کر رکھا تھا۔
گزشتہ سماعت میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے عمران خان کو اٹک جیل میں رکھنے کی وجوہات پر رپورٹ طلب کی تھی۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ بتایا جائے کن وجوہات کی بنیاد پرعمران خان کو اٹک جیل میں رکھا گیا، اس کے علاوہ انہیں جیل میں گھر کا کھانا فراہم کرنے کی درخواست پر بھی معاونت طلب کی گئی تھی۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات ریکارڈ پر نہیں جو قیدی کو ہفتے میں ایک سے زائد بارملاقات سے روکے۔ جیل قوانین کے مطابق عمران خان کی دوستوں، عزیرواقارب اور وکلا سے ملاقات کروائی جائے۔
اس کے علاوہ عمران خان کو جائے نماز، انگریزی ترجمے کے ساتھ قرآن پاک اور مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔