وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نےکمرشل سٹیج ڈراموں پر پابندی عائد کر دی

لاہور (اُمت نیوز)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر نے الحمراء مال روڈ لاہور میں کمرشل سٹیج ڈراموں پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی ہے اور ڈراموں کیلئے کی جانے والی تمام بکنگز منسوخ کروا دی ہیں۔ یہ فیصلہ سٹیج ڈراموں کے نام پر مسلسل فحش ڈانس کروانے اور عریانی پھیلانے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ الحمراء مال روڈ میں جاری ڈراموں میں ڈانسرز کے فحش ڈانس اور اشارے کرنے کی شکایات موصول ہونے پر عامر میر نے وزیر اعلی محسن نقوی سے مشورے کے بعد سخت ترین ایکشن لیتے ہوئے نا صرف فحش سٹیج ڈراموں کے انعقاد کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ گند مچانے والے ڈانسرز اور پروڈیوسرز پر بھی پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اسکے علاوہ عریانی پھیلانے والی ڈانسرز کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کروائی گئی ہیں۔ وزیر ثقافت عامر میر نے کہا ہے کہ اب الحمرا مال روڈ صرف ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جائے گا اور اس میں ہر قسم کے کمرشل سٹیج ڈراموں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کمرشل ڈراموں پر پابندی صرف الحمراء مال روڈ میں لگائی گئی ہے جبکہ الحمراء کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں کمرشل ڈرامے جاری رہیں گے، لیکن حدود و قیود کے اندر رہتے ہوئے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آئندہ سٹیج ڈراموں میں کسی بھی قسم کی فحش گفتگو یا حرکات ہرگز قابل قبول نہیں ہونگی اور انکی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اگر دوبارہ ایسی کوئی شکایت موصول ہوئی تو نہ صرف ڈانسرز اور پروڈیوسرز پر پابندی عائد کی جائے گی بلکہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔