اسلام آباد: معروف ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور فنکار جمال شاہ نےعبوری حکومت میں حلف اٹھانے کے بعد ذمے داریاں سنبھال لیں۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت نے اپنے محکمے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکریٹری فارینہ مظہر اور ڈویژن کے دیگرعملہ سے ملاقات بھی کی ہے۔
وفاقی سیکریٹری نے اداکار جمال شاہ کو ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے فنی اور ثقافتی منظرنامے کو آگے بڑھانے اور مضبوط کرنے کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ عہدے کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کریں گے اور اپنی ذمہ داریاں پوری لگن اور محنت کے ساتھ نبھائیں گے۔