لاہور: عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی والد سے ملاقات کی درخواست پرعدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پیش کردہ پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حسان نیازی چونکہ کورکمانڈرہاؤس حملہ کیس کے مرکزی ملزم ہیں اس لئے انہیں کیس کے ٹرائل کیلیے فوج کے سپرد کر دیا گیا۔
حسان نیازی کے والد کی جانب سے حبس بے جا میں رکھنے اور بازیابی کیلیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست کی آج سماعت ہوئی تو عدالت کو فوج کے حوالے کرنے سے متعلق باقاعدہ آگاہ کیا گیا۔
حسان نیازی کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ ان کے مؤکل کو عدالت کے ذریعے فوج کے حوالے کیا جانا چاہیے تھا مگر انچارج ایس ایچ او نے ایسا نہیں کیا، عدالت اس اقدام کو خلاف قانون قرار دے ، یہ توہین عدالت کا معاملہ ہے۔
سرکاری وکیل نے درخواست گزار کے وکیل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے حسان نیازی کی حراست کو قانونی قرار دیا، عدالت نے حسان نیازی سے والد حفیظ اللہ نیازی کی ملاقات کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔