بھارتی فائرنگ سے زخمی کشمیری دم توڑ گیا،مزید10گرفتار

سرینگر: بھارتی فائرنگ سے زخمی کشمیری دم توڑ گیا،مزید10کو گرفتارکرلیا گیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی کی مہم رکوائے،کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوان رواں ماہ کی 5 تاریخ کو ضلع راجوری کے علاقے بدھل میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا جس کی لاش  ڈھکی کوٹ سے برآمد ہوئی۔ این آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ کولگام، شوپیاں، کپواڑہ اور جموں اضلاع کے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپے مارے، بانڈی پورہ کے رہائشی نوجوان مقصود احمد کیخلاف تحریک آزادی سے وابستگی پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے جموں خطے کی کوٹ بھلوال میں منتقل کر دیا گیا ۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے سری نگر کے علاقے بٹہ مالو میں ایک اجلاس میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور گھروں پر چھاپوں کی شدید مذمت کی۔بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں 4کشمیری طلبا کو مقامی ہندوئوں نے ہراساں کیاہے اور بعد میں پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ ضلع اودھم پور میں سری نگر شاہراہ پر ٹریفک کے حادثے میں 13 ہندویاتری زخمی ہوگئے، مقبوضہ کشمیر کی جماعت جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ کی سابق رہنماشہلا رشید کی بی جے پی میں شمولیت کی تیاریاں جاری ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی 22 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی آمد کے موقع پر کشمیری تارکین وطن احتجاجی مظاہرہ کریں گے ۔نیویارک میں ہونے والے احتجا جی مظاہرے میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی جبری قبضے اور کشمیریوں پر ڈھانے والے بھارتی مظالم کو اجاگر کیا جائے گا۔ جموں و کشمیر یوتھ سوشل فورم کے چیئرمین مولانا مصعب ندوی نے کہا ہے کہ حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بڑی وجہ ہے۔