نیشنل پارٹی کے رہنما میردوران کھوسہ قاتلانہ حملے میں زخمی

کوئٹہ:  نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نیشنل پارٹی کے رہنما قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کوئٹہ کے علا قے سر یاب روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ونیشنل پارٹی کے رہنما میر دوران خان کھوسہ کو نشانہ بنایا جس میں وہ گولی لگنے سے زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا تی ہے ۔ واردات کے بعد ملزمان باآسانی فرارہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

اس موقع پر نیشنل پارٹی نے دوران خان کھوسہ پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصرکو فوری طور پرگرفتارکیا جائے ۔ بیان میں کہا گیا کہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ سیاسی رہنماؤں کو تحفظ فراہم کریں اور قاتلانہ حملے میں زخمی دوران خان کھوسہ کو بہترعلاج کے فراہمی کو یقینی بنائے ۔