نگراں سندھ کابینہ،6وزراء کا انتخاب،آج حلف اٹھائیں گے

کراچی: نگران سندھ کابینہ کے لیے طویل مشاورت کے بعد ابتدائی طورپر6 وزراء کے نام طے کرلئے گئے جن کے آج 19 اگست کوحلف اٹھائے جانے کا امکان ہے۔حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوگی گورنر سندھ کامران ٹیسوری نگراں کابینہ ارکان سے حلف لیں گے۔وزیراعلی ہاوس کے معتمد ذرائع کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کی کابینہ کے لیے مشاورت مکمل ہوگئی ہے جس کے بعد کابینہ کے وزرا کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے پہلے مرحلے میں 6 نگران صوبائی وزراء آج حلف اٹھائیں گے۔

ان میں بریگیڈئیر(ر)حارث نواز،بزنس مین مبین جمانی،ڈاکٹرجنید علی شاہ،سابق بیوروکریٹس یونس ڈھاگا،ڈاکٹرسعد نیاز اورخدابخش مری شامل ہیں۔دوسرے مرحلے کے لیے نگران صوبائی وزراء کے ناموں پرمشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سے جن مزید ناموں کا تذکرہ کیا جارہا ہے ان میں عمران علی شاہ، شہاب امام، مبین جمال، محمد احمد شاہ، شاہد جتوئی،مس رعنا حسین اور ممتاز احمد شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے بلدیات، تعلیم اور صنعت کی وزارتوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔