اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی چاہتے تھے فوج کےخلاف انقلاب لائوں اور بادشاہ بن جائوں،جنرل باجوہ نے بہت کوشش کی ہماری حکومت چلتی رہے ، انہوں نے الیکشن کے بہت سارے مواقعے دلائے، مجھے پی ٹی آئی الیکشن میں نظر نہیں آ رہی ،4سے5کیسز بہت خطرناک ہیں جس میں پی ٹی آئی پھنس چکی ہے۔
ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پرویزخٹک نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کہتا تھا 5سے 6باتیں بار بار کرو تاکہ لوگوں کو جھوٹ بھی سچ لگے۔انہوں نے کہاکہ جلسے میں چیئرمین پی ٹی آئی کو بتائیں گے کہ چھوڑ کرجانے سے کیا فرق پڑتا ہے، میرے ساتھ35سے40لوگ وہ ہیں جن کے پاس ووٹ بینک ہے، میں تو فروری میں بھی الیکشن نہیں دیکھ رہا، چیئرمین پی ٹی آئی کو ڈلیور کرنے والا کوئی شخص پسند نہیں تھا،وہ نہیں چاہتے تھے کہ کوئی بھی پاپولر ہو،ہمارے لیڈر زکمزور ہیں جو کسی کو اوپر نہیں آنے دیتے۔
سابق وزیراعلیٰ کے پی نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کہتا تھا میں ہی سارا ملک چلاوں گا۔پرویز خٹک نے کہاکہ جنرل باجوہ نے بہت کوشش کی کہ ہماری حکومت چلتی رہے ، انہوں نے الیکشن کے بہت سارے مواقعے دلائے۔ پی ڈی ایم نے مجھے وزیراعظم بننے کی آفر کی، میں زیادہ لوگ لا سکتا تھا ،لوگ تنگ تھے اور وزیراعظم بن سکتا تھا مگر ایسا نہیں کیا۔