لاہور : اسلم اقبال،حماد اظہر سمیت 22اشتہاری رہنمائوں کی جائیدادیں قرق کرنے کا فیصلہ ،3 سابق ارکانِ سندھ اسمبلی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی کے جن 22رہنمائوں کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے ان کی جائیدادیں قرق کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اشتہاری قرار دیئے گئے سیاسی رہنمائوں میں میاں اسلم اقبال ، حماد اظہر ،عندلیب عباس،مراد سعید سمیت دیگر شامل ہیں۔
ادھر چیئرمین پی ٹی آئی کے باڈی گارڈ سمیت 29 کارکنان کی شناخت پریڈ مکمل کرلی گئی۔جمعہ کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج اعجاز احمد بٹر نے 9 مئی کو پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کرنے اور جلا ئوگھیرا ئوکرنے کے کیس کی سماعت کی ،عدالت نے 29 ملزمان کی جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے تمام ملزمان کو آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔علاوازیں سابق وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی کو ٹرائل کےلئے فوج کے حوالے کردیا گیا۔حسان نیازی کی ملٹری کسٹڈی کے لیے کمانڈنگ آفیسر کی جانب سے انچارج انویسٹی گیشن تھانہ سرور روڈ کو لکھا گیا خط عدالت میں جمع کروا دیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں حسان نیازی کی بازیابی کے لیے والد حفیظ اﷲ نیازی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل پنجاب حکومت نے حسان نیازی سے متعلق پولیس رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ حسان نیازی کو ملٹری کے حوالے کردیا گیا ہے، وہ جناح ہاؤس حملے کیس میں نامزد اور مرکزی ملزم ہیں۔عدالت نے حسان نیازی کی والد سے ملاقات کرانے کے لیے سرکاری وکیل کو مہلت فراہم کر دی۔علاوازیں انسداد دہشت گردی عدالت کراچی نے 9 مئی ہنگاموں سے متعلق کیس میں سندھ اسمبلی کے 3 سابق ارکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ تفتیشی افسر نے شاہ فیصل تھانے میں درج مقدمے کا حتمی چالان عدالت میں جمع کر ا دیا، جس میں سابق رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ سمیت 13 ملزمان کو بے قصور قرار دے دیا گیا۔ ۔ بعد ازاں عدالت نے سابق اراکین سندھ اسمبلی اظہر، فہیم خان اور عدیل احمد خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔