بورے والا(اُمت نیوز)بھارت کی جانب سے21 اگست تک روزانہ کی بنیاد پر پانی چھوڑے جانے کی اطلاعات کے پیش نظر دریائے ستلج سے ملحقہ قریبی بستیوں کو خالی کروایا جانے لگا، متعدد حفاظتی بند ٹوٹنے اور بستیاں زیرآب آنے کا خطرہ برقرار ہے۔
بورے والا میں دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی جس کے باعث انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔ میپکو، محکمہ ٹیلی فون سمیت دیگراداروں کو تنصیبات محفوظ بنانے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے محکمہ خوراک اور پاسکو کو گندم محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کے ساتھ ہی محکمہ زراعت، لائیواسٹاک کو جانوروں کے چارے کا انتظام کرنے کا حکم دیا ہے۔
دریائے ستلج میں انتہائی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح 23 فٹ تک بلند اور بہاؤ دو لاکھ 78 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا۔
تلوار پوسٹ کے مقام پر پانی کی سطح 12 فٹ اور فتح محمد پوسٹ کے مقام پر سطح 15 فٹ تک پہنچ گئی۔ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں 80 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔
ہیڈ اسلام کے مقام پر 21 اگست سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت کی جانب سے 21 اگست تک روزانہ کی بنیاد پر پانی چھوڑے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ترجمان کے مطابق دریائے ستلج سے ملحقہ انتہائی قریبی بستیوں کو خالی کروایا جارہا ہے۔ ملحقہ اضلاع کی انتظامیہ کو فوڈ، شیلٹرز، ادویات، بوٹس اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کی جا رہی ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے پر پابندی ہے، انتظامیہ دفعہ ایک سو چوالیس کے نفاذ کو یقینی بنائے۔