جڑانوالہ میں اب امن کی واپسی کا سفر شروع ہو چکا ہے : آئی جی پنجاب

لاہور (اُمتنیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے جڑانوالہ میں اب امن کی واپسی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے جڑانوالہ میں مسیحی کمیونٹی کی سکیورٹی ، گھروں و عبادت گاہوں کی بحالی بارے خصوصی پیغام میں کہا کہ 6500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار ہائی الرٹ ہو کر فرائض ادا کر رہے ہیں ، وزیراعظم پاکستان کے ویژن، وزیر اعلی پنجاب کے حکم کے مطابق مفاہمت اور تعمیر نو کا عمل شروع ہو چکا ہے، امن کمیٹی کے ارکان، علما کرام، مسیحی کمیونٹی لیڈرز، پادری مل کر بیٹھے ہیں ، مفاہمت اور تعمیر نو کے عمل میں یہ بہت بڑی پیش رفت ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا بہت ساری مسیحی فیملیاں اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئی ہیں، پولیس نے بچوں اور فیملیز کو دانش سکول میں شفٹ کیا، انکے گھروں کی بحالی، تزئین و آرائش کا کام جلد از جلد مکمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تمام مسیحی فیملیز کو گارنٹی دیتے ہیں، پولیس نفری، رینجرز، انٹیلی جنس اداروں کی موجودگی میں کسی کو گھبرانے یا خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، تمام مسیحی فیملیز اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئیں، آپکے گھر آپکے منتظر ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا تھا مسیحی فیملیوں کے گھروں کی تعمیر نو کے کام میں حکومت پنجاب اور پولیس آپ کی ہر ممکن مدد یقینی بنا رہی ہے۔ پنجاب پولیس نے انتظامیہ کے تعاون سے مسیحی فیملیز کے قیام و طعام کا بندوبست کر دیا گیا ہے، واقعہ کی 100 فیصد میرٹ پر تفتیش پولیس کا کام ہے جسے مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے۔