اسلام آباد: ڈیوٹی مجسٹریٹ اسلام آباد نے سائفر کیس میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو ایک روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
سائفر کیس میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد کی مقامی عدالت پیش کیا گیا،شاہ محمود قریشی کو عقبی دروازے سے جج احتشام کی عدالت میں پیش کیا گیا،ایف آئی اے نے سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔
ایف آئی حکام نے میڈیا کو کمرہ عدالت سے باہر نکالنے کی استدعاکردی جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے تمام صحافیوں اور دیگر وکلا کو باہر نکال دیا،کیس کی سماعت ایف آئی اے کی درخواست پران کیمرہ کردی گئی ۔
عدالت نے شاہ محمود قریشی کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا،ڈیوٹی مجسٹریٹ احتشام عالم نے شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کا تحریری آرڈر جاری کردیا،عدالت نے پیر کے روز شاہ محمود قریشی کو متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
یاد رہے کہ شاہ محمود پر سائفر میں موجود اطلاعات غیر مجاز افراد تک پہنچانے کا الزام ہے،سابق وزیر خارجہ کیخلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 5 اور 9 لگائی گئی۔