راشد منہاس کے یوم شہادت پرمختصردستاویزی فلم جاری

اسلام آباد: پاک فضائیہ نے بہادر سپوت، اعلیٰ ترین فوجی اعزاز، نشان حیدر پانے والے کمسن ترین پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے 52ویں یومِ شہادت کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختصر دستاویزی فلم جاری کر دی۔دستاویزی فلم پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے جاری کی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید 17 فروری 1951 کو پیدا ہوئے اور14 مارچ 1971 کو پاک فضائیہ کے 51 ویں جی ڈی پی کورس میں کمیشن حاصل کیا بعد ازاں انہیں آپریشنل کنورژن کورس کیلئے ماڑی پور (مسرور) میں واقع نمبر 2 اسکواڈرن میں تعینات کیا گیا،20 اگست 1971 کے دن راشد منہاس کی قربانی سے ایک ناقابل فراموش داستان رقم ہوئی،اس دن راشد نے اپنے انسٹرکٹرپائلٹ فلائیٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا جس نے انکے T-33 تربیتی طیارے کو ہائی جیک کرکے بھارت لے جانے کی کوشش کی،راشد نے جہازکا کنٹرول واپس لینے کی بھرپورجدوجہد کی اورقبل ازیں کہ جہازملکی سرحد عبور کرتا اسے زمین بوس کرنے کو ترجیح دی،راشد منہاس کی عظیم قربانی اورناقابل فراموش شجاعت کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدرعطا کیا،راشد منہاس شہید نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہیں اورانکو شجاعت و قربانی کی علامت کے طورپرہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔