اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا توانائی اور بجلی کے شعبے کی اصلاحات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نگران وزیر توانائی، بجلی اور پٹرولیم محمد علی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر محمد علی کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا توانائی و بجلی شعبے کی اصلاحات ملکی معاشی استحکام و ترقی کیلئے انتہائی کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ایکس (ٹوئٹر ) پر اپنے بیان میں کہا ہے معاشی چیلنجز کے باوجود معیشت کیلئے ہمار ا عزم غیرمتزلزل اور مضبوط ہے،معاشرے کے ہر طبقے کے تعاون سے پاکستان کو آگے لے جانا ہے،تاجر سے وکلا،کسان سے انجینئر اور فنکارسے ڈاکٹر تک معاشرے کا ہرطبقہ پاکستان کے خواب کی تعبیر میں معاونت کررہا ہے، اس متنوع تعاون کیساتھ ملک کے روشن اورخوشحال مستقبل کیلئے سفر جاری ہے۔نگران وزیراعظم سےسینیٹر مظفر حسین شاہ، سابق وزیرِ خزانہ بلوچستان میر عاصم کرد گیلو ،سابق وزیرِ داخلہ بلوچستان ملک عنایت اﷲ کاسی،سابق صوبائی وزیر حاجی محمد خان نے ملاقات کی اور منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔نگران وزیراعظم سے سابق سینیٹر رحمت کاکڑ کی قیادت میں بلوچستان کے وفد نے ملاقات کی اور منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے وفد کے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔نگران وزیرِاعظم نے اسلام آباد کے ہسپتال میں داخل سابق رکن بلوچستان اسمبلی میر سرفراز چاکر ڈومکی کی تیمار داری کی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔نگران وزیراعظم سے چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر فخر عالم عرفان نے ملاقات کی۔نگران وزیرِاعظم نے ڈاکٹر فخرعالم عرفان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سےسر انجام دینگے۔
دریں اثناء نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کل جڑانوالہ کا دورہ متوقع ہے، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور نگران وزرا بھی ان کیساتھ ہوں گے۔ذرائع کاکہنا ہے نگران وزیراعظم کرسچین کالونی و دیگر مقامات پر متاثرہ عمارات کی مرمت و بحالی اور امدادی سرگرمیوں کاجائزہ لیں گے اورمسیحی برادری سے ملاقات کرکے اظہار یکجہتی کریں گے ۔نگران وزیراعظم متاثرین کیلئے معاوضے کا بھی اعلان کریں گے۔