صدر مملکت اب غدار سلطنت بن چکے ہیں، فردوس عاشق اعوان

لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ترمیمی بل پر دستخط کی تردید کے معاملے پر استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ٹویٹ کے پیچھے چھپی سوچ چیخ کر کہہ رہی ہے صدر مملکت اب غدار سلطنت بن چکے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ صدر عارف علوی کے ٹویٹ نے پاکستان کے سپریم آفس کے وقار و تشخص کو بری طرح مجروح کیا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انھوں نے کہا کہ صدر کا عہدہ پاکستان کی سالمیت اور آئین کے تحفظ کے ساتھ وفاق کی مضبوطی اور مرکزیت کی علامات سمجھا جاتا ہے، صدر کے ٹویٹ سے دنیا بھر میں پاکستان کا انتہائی منفی پیغام گیا ہے کہ شاید پاکستان میں کوئی دستاویز محفوظ نہیں اور کوئی مراسلہ قابل اعتبار نہیں کہ اس پہ دستخط اصلی ہیں یا جعلی؟

ترجمان استحکام پاکستان پارٹی نے مزید کہا کہ صدر علوی کی اس عہدے کے منافی اور منصب کو داغدار کرنے والی ٹویٹ پر ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہئے۔ ان کے ٹویٹ کے پیچھے چھپی سوچ چیخ چیخ کر کہہ رہی ہے کہ ”صدر مملکت اب غدار سلطنت بن چکے ہیں“۔