خیبرپختونخوا (اُمت نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے شہروں مینگورہ، مدین اور کالام سمیت گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، مینگورہ، مدین اور کالام سمیت گرد و نواح میں زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی ۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا جبکہ اس کی گہرائی 175 کلو میٹر تھی،صبح سویرے آنے والے زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگ خوفزدہ ہوکرکلمہ طیبہ کا ورد کرتےاپنے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلے کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے، پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری اریبین ہے،زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں، زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔
زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں، زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا، ان علاقوں میں زیادہ ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آ سکتا ہے، پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر ہے جس کے باعث ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آسکتا ہے۔