کراچی: سعودی عرب کے وزیرحج وعمرہ نے پاکستانی عازمین کیلئے عمرہ ویزا 24 گھنٹے میں جاری کرنیکا اعلان کردیا،گورنرہاؤس میں سعودی عرب کے وزیرحج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جسمیں سعودی عرب کے سفیرنواف سعید اے المالکی،مفتی منیب الرحمان،مفتی عبدالرحیم،مولانا بشیرفاروقی،مختلف ممالک کے قونصل جنرلز،نگراں صوبائی وزرا،چیف سکریٹری سندھ ،کمشنرکراچی اورمتحدہ قومی موومنٹ کے سینئر ڈپٹی کنوینرڈاکٹرفاروق ستاربھی موجود تھے،تقریب کا آغازتلاوت قرآن کریم سے کیا گیا،دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے،پولیس،ائیرفورس اورنیوی کے بینڈز نے سعودی عرب کے وزیرحج و عمرہ کو پرجوش اندازمیں سلامی پیش کی اورقومی نغموں کی دھنیں بجائیں.
گورنرسندھ نے کہا کہ سعودی عرب نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے،تمام دوست ممالک سے گذارش کرتا ہوں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں،سرمایہ کاری ہی ہمیں معاشی مشکلات سے نکال سکتی ہے،گورنر نے کہا کہ سعودی حکومت سے معمولی نوعیت کے جرائم میں قید پاکستانیوں کی سزا معاف کرنے کی اپیل کرتا ہوں،عمرہ ویزہ کے 24 گھنٹے میں اجراءکا فیصلہ خوش آئند ہے،سعودی وزیرحج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ پاکستان سے گزشتہ سال 16 لاکھ عمرہ زائرین سعودی عرب آئے،عمرہ ویزہ کو مزید آسان بنادیا گیا ہے،اب عمرہ ویزا 24 گھنٹے میں جاری کردیا جائیگا.
پاکستان سے پروازوں میں اضافہ کیلئے ائیرلائنزسے بات کی ہے۔قبل ازیں گورنرسندھ سے سعودی وزیر حج و عمرہ نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی جس میں پاک سعودی تعلقات، عازمین حج اورزائرین عمرہ کے مسائل اورباہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا،گورنرنے کہا کہ پاکستان کے عوام کے دل سعودی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں،مقامات مقدسہ کے باعث سعودی عرب کو پاکستان کے عوام میں خاص اہمیت حاصل ہے،سندھ میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریںگے اورسرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیںگی۔