پہلے ون ڈے میں پاکستان کی افغانستان کے خلاف بڑے مارجن سے فتح

ہمبنٹوٹا: فاسٹ بائولرحارث رئوف کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت پاکستان نے افغانستان کوپہلے ون ڈے میچ میں 142رنزکے بڑے مارجن سے شکست دیدی۔پاکستان کے 202رنزکے ہدف کے جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم 19.2اوورزمیں 59رنزبناکرپویلین لوٹ گئی،پاکستانی بائولنگ اٹیک کے سامنے افغان بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی ، افغانستان کے صرف دوکھلاڑی ڈبل فگرمیں داخل ہوسکے،4افغان کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیرہی آئوٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز18رنزبناکرنمایاں رہے،حارث روئوف نے18رنزدے کر5کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی،شاہین آفریدی نے 2،نسیم شاہ اورشاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،اس سے پہلے ہمبنٹوٹا میں تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوسکا اور ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی۔

قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق 61 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ شاداب خان نے 39 اور افتخار احمد نے 30 رنز کی اننگ کھیلی۔دیگر بیٹرز میں وکٹ کیپر محمد رضوان 21، نسیم شاہ 18، شاہین آفریدی، اسامہ میر اور فخر زمان محض 2 رنز کی اننگ کھیل سکے جبکہ کپتان بابر اعظم بغیر کوئی سکور کئے پویلین لوٹ گئے۔قومی ٹیم 47.1 اوورز میں 201 رنز بنا سکی اور افغانستان کو جیت کے لئے 202 رنز کا ہدف دیا گیا۔افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 3، محمد نبی اور راشد خان نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔