شہریوں کو پانی کی منصفانہ تقسیم جاری ہے،صلاح الدین

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹراینڈسیوریج کارپوریشن تمام شہریوں کو بلا تفریق فراہمی و نکاسی آب کی تمام تر سہولیات فراہم کرتا ہے جبکہ واٹرکارپوریشن شہریوں کو پانی کی بلا تعطل فراہمی اورمنصفانہ تقسیم کو ممکن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھارہا ہے،تمام سیاسی جماعتیں اور شہری واٹرکارپوریشن کے لیےقابلِ احترام ہیں، واٹر کارپوریشن کا شہر کی ترقی اور شہریوں کی خدمات میں اہم کردار ہے جبکہ واٹرکارپوریشن نئےعزم اور نئی پہچان کے ساتھ شہریوں کی بھرپور خدمت کرنے کیلئےدن رات کوشاں ہے اس لیے واٹر کارپوریشن کو پوری امید ہےکہ شہر کےتمام اسٹیک ہولڈرز واٹرکارپوریشن کی آمدنی بڑھانےمیں بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ واٹرکارپوریشن شہریوں کوفراہمی و نکاسی آب کی مزید بہتر سہولیات فراہم کرسکے.

ان خیالات کااظہار سی ای او واٹرکارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمدنےامیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سےایم ڈی سیکریٹریٹ کارساز میں ملاقات کےدوران کیا، ملاقات کے دوران سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان سمیت دیگرحکام اور جماعت اسلامی کےرہنماموجود تھے،اس موقع پر امیرجماعت اسلامی نے واٹرکارپوریشن حکام کو شہر بھر میں درپیش فراہمی و نکاسی آب کےمختلف مسائل سےآگاہ کرتے ہوئےکہاکہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کیے جائیں،کےفور، ایس تھری اور 65 ایم جی ڈی منصوبوں کو جلدمکمل کرنےمیں واٹرکارپوریشن کوکرداراداکرنا ہوگا،واٹرکارپوریشن انتظامیہ سےاچھی امیدیں ہیں اور ہم اداروں کے ساتھ مل کر شہر کی بہتری چاہتے ہیں،غیرقانونی ہائیڈرنٹس کامکمل خاتمہ کیاجائےاور شہر بھر میں نکاسی آب کےمسائل حل کرتے ہوئے کھلےمین ہولز پر ڈھکن رکھیں جائیں۔